امراوتی ۔ 17؍ ستمبر 2026 ( پریس ریلیز ) جمعیۃ علماء شہر و ضلع امراوتی کے زیرِ اہتمام العزیز فنکشن ہال، بلگاؤں روڈ میں ایک عظمت و برکت سے بھرپور عظیم الشان "دینی تعلیمی بیداری و سیرتِ النبی صلی اللہ علیہ وسلم اجلاسِ عام” نہایت تزک و احتشام کے ساتھ بصدارت حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) اور مولانا مفتی روشن شاہ صاحب قاسمی( صدر دینی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر ) کی سرپرستی میں منعقد ہوا ،جس کا آغاز قاری حماد صاحب کی تلاوت کلام پاک اورحافظ صابر شاہ صاحب کے نعتیہ کلام سے ہوا۔ مولانا شیخ ریحان مظاہری ( صدر جمعیۃ علماء ضلع امراوتی )نے تحریکِ صدارت پیش کی، جس کی مولانا نعیم صاحب نے تائید کی ، مولانا توصیف خان قاسمی اور مولانا محسن ندوی نے نظامت کا فریضہ انجام دیا ، اس روحانی و اصلاحی پروگرام میں شہر و ضلع بھر سے عوام و خواص، علماء، ائمہ اور معلمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر صدر اجلاس حافظ محمد صدیقی صاحب نے تربیتی اجلاس کے اغراض و مقاصد اور جمعیۃ علماء کے تنظیمی و دعوتی کام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کارکنان کو اخلاص، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ تنظیمی کام اسی وقت نتیجہ خیز ہوسکتا ہے جب ذمہ داران اور کارکنان اپنے علاقوں میں عملی طور پر متحرک رہیں اور دینی و تعلیمی بیداری کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھائیں۔انہوںنے بچوں کی صحیح اسلامی تربیت کی طرف متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ "ہمارے تمام مسائل کا حل سیرتِ طیبہ کی پیروی اور دینی تعلیمات سے پختہ وابستگی میں مضمر ہے۔اجلاس کے مہمان خصوصی نواسہ شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی سید محمد عفان صاحب منصور پوری (شیخ الحدیث و صدر المدرسین مدرسہ جامعہ اسلامیہ عربیہ جامع مسجد امروہہ، صدر جمعیۃ علماء و صدر دینی تعلیمی بورڈ اترپردیش )نے اپنے پُرمغز خطاب میں دینی و ملی ذمہ داریوں کی ادائیگی، اصلاحِ معاشرہ، دعوت و تبلیغ اور عوام میں دینی شعور و بیداری پیدا کرنے کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں امت کے ہر فرد کو اپنی دینی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے قرآن و سنت سے وابستگی، اخلاق و کردار کی اصلاح اور معاشرے میں دینی اقدار کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
مولانا مفتی روشن شاہ صاحب نے عوام میں دینی تعلیم کے فروغ، مکاتب کے قیام و استحکام اور دینی ماحول کی تشکیل کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ذمہ داران سے کہا کہ دینی تعلیم کے کام کو محدود دائرے تک نہ رکھا جائے بلکہ اسے ہر محلے، بستی اور گاؤں تک پہنچانے کی کوشش کی جائے۔مفتی عبدالرحمن صاحب( اشرفی، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ )نے دینی تعلیم کی ضرورت، نئی نسل کی دینی تربیت اور معاشرے میں دینی شعور پیدا کرنے کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیم محض ایک فرد کی اصلاح تک محدود نہیں بلکہ پورے معاشرے کی فکری و اخلاقی تعمیر کا ذریعہ ہے۔ قاری نصیر الہدیٰ صاحب نے دینی مکاتب و مدارس میں تعلیم کے مؤثر طریقوں، طلبہ کی تربیت، اساتذہ کی ذمہ داریوں اور تعلیم کو آسان و مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
آخر میں مولانا ریحان صاحب مظاہری نے اظہارِ تشکر پیش کیا اور صدرِ اجلاس کی دعا کے ساتھ ایک روزہ تربیتی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اجلاس میں پیش کی گئی رہنمائی اور تربیتی نکات کو عملی میدان میں نافذ کرنے کی کوشش کی جائے گی اور دینی تعلیم، اصلاحِ معاشرہ اور تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مضبوط و مؤثر بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اجلاس کو کامیاب بنانے میں جمعیۃ علماء ضلع امراوتی کے عہدے داران و اراکین نے اہم کردار ادا کیا۔ اجلاس میں شہر کے علماء کرام ،ائمہ مساجد اور شرکاء بڑی تعداد میں شریک تھے ۔