دینی تربیت، مکاتب کے قیام و استحکام، اصلاحِ معاشرہ اور عوامی خدمت کے کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے : مولانا ندیم صدیقی

بیڑ: 7؍ اکتوبر 2026 ( پریس ریلیز) آج یہاں دفتر جمعیۃ علماء ضلع بیڑ میں ضلعی اراکین کا ایک اہم اور خصوصی مشاورتی اجلاس بصدارت حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) منعقد ہوا،جس میں جمعیۃ علماء کے ذمہ داران، اراکین اور متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی اور ضلع میں تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے، باہمی مشاورت کو فروغ دینے اور جمعیۃ علماء کے دینی، ملی، سماجی و اصلاحی کاموں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے حوالے سے باہم مشاورت ہوئی ،اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف تنظیمی و ملی امور زیرِ بحث آئے۔ صدرِ اجلاس حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے اپنے خطاب میں جمعیۃ علماء کی ذمہ داریوں اور موجودہ حالات میں علماء و اراکین کے باہمی اتحاد، نظم و ضبط اور مسلسل جدوجہد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ایک ذمہ دار دینی و ملی تنظیم کی حیثیت سے معاشرے کی اصلاح، دینی بیداری، تعلیمِ قرآن، مکاتب کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے، اور اس سلسلے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر سطح پر فعال اور منظم انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ضلع بیڑ کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جمعیۃ علماء کی سرگرمیوں کو وسعت دیں، عوام سے مضبوط رابطہ قائم کریں، علماء و ائمہ کرام کو تنظیمی نظام سے جوڑیں اور دینی و اصلاحی پروگراموں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھائیں۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل کی دینی تربیت، مکاتب کے قیام و استحکام، اصلاحِ معاشرہ اور عوامی خدمت کے کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا،اجلاس میں ضلع بیڑ میں جمعیۃ علماء کی موجودہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لیے مختلف اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ تنظیمی نظم کو مضبوط بنانے، تحصیل و مقامی سطح پر ذمہ داران کو فعال کرنے، دینی و اصلاحی سرگرمیوں میں تیزی لانے اور باہمی رابطہ و تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں متعدد اہم تجاویز پیش کی گئیں، جن پر غور و خوض کے بعد آئندہ کے لائحۂ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
شرکائے اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیۃ علماء کے پیغام کو ضلع کے مختلف علاقوں تک پہنچانے، دینی و ملی خدمات کو وسعت دینے اور ملت کے اجتماعی مسائل کے حل کے لیے متحد ہوکر منظم جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر صدرِ اجلاس حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے تمام ذمہ داران و اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی اتحاد، اخلاص، نظم اور مسلسل محنت کے ساتھ تنظیمی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کی تلقین کی ،اجلاس میںمفتی عبد اللہ قاسمی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء ضلع بیڑ ) مولانا صابر رشیدی صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع بیڑ ) مولانا محسن صاحب ( شہر صدر جمعیۃ علماء بیڑ ) نوید الزماں صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع بیڑ ) حاجی شفیق صاحب باغبان ( خازن جمعیۃ علماء ضلع بیڑ ) مصباح الدین خطیب سر ،قاضی عبد الماجد سر ، قمر الدین بھائی ( نائب صدر جمعیۃ علماء شہربیڑ ) ساجد بھائی ،ارباز بھائی نیکنور ،قاضی ظفر صاحب ،حافظ سرتاج صاحب ، پاشاہ بھائی و دیگر اراکین بڑی تعداد میں شریک تھے ۔

✖