مہاراشٹر میں بارش کی شدید ضرورت، بارش کے لیے توبہ، استغفار، صدقہ و خیرات اور نمازِ استسقاء کا اہتمام کریں
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کی ائمہ مساجد اور عوام سے خصوصی دعاؤں کی اپیل

ممبئی، 20 اگست 2026ء( پریس ریلیز)مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں اس وقت بارش نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں بارش کی کمی کے باعث پانی کی قلت، زراعت اور فصلوں کے متاثر ہونے سمیت مختلف مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ موجودہ صورتِ حال کے پیش نظر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے عوا م الناس سے اپیل کی ہےکہ وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں عاجزی و انکساری کے ساتھ رجوع کریں، کثرت سے توبہ و استغفار کریں اور ائمہ مساجدسے ہمدردانہ اپیل کی ہے کہ وہ آج نماز جمعہ کے موقع پر بارانِ رحمت کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے کہا کہ بارش اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت ہے، لیکن جب انسان اللہ تعالیٰ کے احکامات سے منہ موڑتا ہے اور زمین پر ظلم و گناہ عام ہوتا ہے، جب لوگ اپنے مال سے فرض زکوٰۃ دینا چھوڑ دیتے ہیں۔حقوقِ مالی کی ادائیگی میں بخل اور کوتاہی برتی جاتی ہے۔تجارت اور لین دین میں ناپ اور تول میں کمی کی جاتی ہے۔وعدہ خلافی اور معاملات میں خیانت کوبڑھاوا دیا جاتا ہے تو اللہ اپنے بندوں کی اصلاح کے لیے آسما ن کی بارش جیسی عظیم نعمت روک لیتا ہے۔
اس لیے مشکل حالات میں ہمیں اپنے خالق و مالک کی طرف رجوع کرتے ہوئے اپنے اعمال کا جائزہ لینا چاہیے اور گناہوں سے سچی توبہ کرنی چاہیے۔ قرآن کریم میں حضرت نوح علیہ السلام کی دعوت کا ذکر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ’’اپنے رب سے استغفار کرو، بے شک وہ بہت بخشنے والا ہے، وہ تم پر آسمان سے خوب بارش برسائے گا۔مساجد میں ائمہ کرام اور علماء حضرات بارش کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور عوام بھی اپنے گھروں اور عبادت گاہوں میں خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے بارانِ رحمت کی دعا مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے لیے کثرتِ استغفار، سچی توبہ، پنج وقتہ نماز کی پابندی، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار، درود شریف، صدقہ و خیرات اور ضرورت مندوں کی مدد کا اہتمام کیا جائے۔ اگر حالات کا تقاضا ہو تو علماء کرام کی رہنمائی میں نمازِ استسقاء بھی ادا کی جائے، کیونکہ نبی کریم ﷺ نے بارش طلب کرنے کے لیے نماز اور دعا کا اہتمام فرمایا ہے۔مولانا ندیم صدیقی نے مزید کہا کہ ہر شخص اپنے معاملات کا جائزہ لے، حقوق العباد کی ادائیگی کرے، ظلم و زیادتی، دھوکہ دہی، سود، رشوت اور دیگر گناہوں سے اجتناب کرے اور حلال رزق اختیار کرے۔ رشتہ داروں کے حقوق ادا کیے جائیں، قطع رحمی سے بچا جائے اور غریب و مستحق افراد کے ساتھ حتی المقدور تعاون کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اہلِ استطاعت حضرات صدقہ و خیرات کا اہتمام کریں، ضرورت مندوں اور غریبوں کی مدد کریں اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے زیادہ سے زیادہ نیک اعمال انجام دیں۔ صدقہ و خیرات، توبہ و استغفار اور دعاؤں کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رحمت حاصل کرنے کی کوشش کی جائے،انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع کو اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع، توبہ و استغفار اور نیک اعمال کا ذریعہ بنائیں اور بارانِ رحمت کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔