عثمان آباد، 26 اگست 2026ء: جمعیۃ علماء ضلع عثمان آباد کے زیر اہتمام دینی تعلیمی بیداری مہم کے عنوان سے ایک اہم اجلاس مدرسہ احیاء العلوم، ملی کالونی، عثمان آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے فرمائی۔ اجلاس میں ضلع عثمان آباد کے مختلف تعلقہ جات سے جمعیۃ علماء کے اراکین، ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کا آغاز محمد عمار بن اسماعیل کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ محمد اویس نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ بعد ازاں جمعیۃ علماء ضلع عثمان آباد کے صدر مولانا ایوب صاحب نے استقبالیہ و تمہیدی کلمات پیش کرتے ہوئے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور ضلع میں جمعیۃ علماء کی سرگرمیوں اور گزشتہ کارگزاری سے شرکاء کو واقف کرایا۔
اس موقع پر صدرِ اجلاس حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے ’’دینی تعلیمی بیداری مہم‘‘ کے عنوان پر تفصیلی اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ انہوں نے دینی تعلیم کی اہمیت، نئی نسل کے ایمان و عقیدہ کی حفاظت، قرآن کریم اور بنیادی دینی مسائل کی تعلیم اور ہر بستی و محلے میں دینی مکاتب کے قیام و استحکام کی ضرورت پر خصوصی توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بچوں اور نوجوانوں کی دینی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اس لیے مکاتبِ دینیہ کو منظم، فعال اور مؤثر بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے اجلاس میں شریک تمام اراکین و ذمہ داران کو جمعیۃ علماء کے کاموں کو مزید مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھانے اور پوری دلجمعی، اخلاص اور باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے خصوصاً دینی تعلیمی بیداری مہم کو ضلع کے ہر تعلقہ، شہر، گاؤں اور بستی تک پہنچانے اور عوام میں دینی تعلیم کے تئیں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔
اجلاس کی نظامت کے فرائض مولانا شوکت صاحب نے بحسن و خوبی انجام دیے، جبکہ مفتی رحمت اللہ صاحب نے تمام شرکاء، ذمہ داران اور مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں ضلع عثمان آباد کے مختلف تعلقہ جات سے جمعیۃ علماء کے اراکین و ذمہ داران کے علاوہ مولانا عمران صاحب مسعود بھائی، الیاس بھائی، خلیل پٹھان، خلیفہ قریشی، ایاز بھائی، اسماعیل بھائی اور نگر سیوک سمیت متعدد معززین نے شرکت کی۔آخر میں صدرِ اجلاس حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ شرکاء نے دینی تعلیمی بیداری مہم کو کامیاب بنانے، مکاتبِ دینیہ کو مضبوط کرنے اور جمعیۃ علماء کے دعوتی و اصلاحی کاموں کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔