جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کا اظہارِ تعزیت
آج بتاریخ 4؍ اکتوبر 2026
حضرت مولانا عتیق الرحمن صاحب قاسمی، حال مقیم معصوم کالونی، شہر بیڑ کا انتقال ہوگیا ہے ۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے، جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور تمام اہلِ خانہ کو صبر و سکون نصیب فرمائے۔
مولانا مرحوم کے سانحۂ ارتحال کی خبر سن کر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم ایک باصلاحیت، مخلص، سنجیدہ اور دینی مزاج رکھنے والے عالمِ دین تھے۔ ان کا انتقال یقیناً اہلِ خانہ، متعلقین، احباب اور دینی حلقوں کے لیے ایک بڑا صدمہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
مولانا عتیق الرحمن صاحب قاسمی، حضرت مولانا محمد قاسم صاحب قاسمی چکلہ انبہ، تعلقہ گیورائی، ضلع بیڑ کے بڑے صاحبزادے تھے۔ حضرت مولانا محمد قاسم صاحب قاسمی ایک قدیم اور بزرگ عالمِ دین ہیں۔ مولانا مرحوم نے اپنے والد محترم کی علمی و دینی نسبت سے استفادہ کرتے ہوئے دینی میدان میں خدمات انجام دیں اور اپنی صلاحیت، خوش اخلاقی اور دینی وابستگی کے باعث عوام و خواص میں قدر و منزلت حاصل کی۔ مولانا محمد یونس صاحب سے ان کے بڑے اچھے تعلقات تھے انہی کی ہدایت پر مولانا مرحوم نے نیپانی صوبہ کرناٹک کے مدرسہ میں دینی خدمت انجام دی اللہ تعالیٰ ان کی جملہ خدمات کو قبول فرمائے ۔ مولانا مرحوم کی نماز جنازہ و تدفین آج ہی بعد نماز عصر معصوم کالونی میں ادا کی جائے گی ۔
مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے کہا کہ مولانا عتیق الرحمن صاحب قاسمی کی رحلت سے ہم ایک اچھے اور باصلاحیت عالمِ دین سے محروم ہوگئے ہیں۔ ان کا سانحۂ ارتحال یقیناً ایک بڑا علمی و دینی نقصان ہے۔ اس غم کی گھڑی میں وہ مرحوم کے والد محترم، اہلِ خانہ، اعزہ و اقارب اور تمام متعلقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا عتیق الرحمن صاحب قاسمی مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی دینی خدمات کو شرفِ قبول بخشے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے والد محترم، اہلِ خانہ اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عطا فرمائے. آمین
مولانا ندیم صدیقی صاحب نے جمعیۃ علماء کی تمام یونٹوں کے عہدے داران واراکین مدارس اسلامیہ کے ذمہ داران اور ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ مولانا مرحوم کے لیے دعا مغفرت اور ایصال ثواب کا اہتمام کریں۔
*منجانب*
*دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر بھنڈی بازار ممبئی*