حاجی صابو صدیق مسافر خانہ کرافورڈ مارکیٹ ممبئی میں امارتِ شرعیہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا اہم اجلاس
مفتی عزیز الرحمن فتحپوری امیرِ شریعتِ مہاراشٹر منتخب، مفتی روشن شاہ قاسمی اور مولانا حلیم اللہ قاسمی نائب امیرِ شریعت مقرر
ممبئی ۔8؍ اگست 2026
آج یہاں حاجی صابو صدیق مسافر خانہ، کرافورڈ مارکیٹ، ممبئی میںامارتِ شرعیہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا ایک اہم اجلاس حضرت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) کی صدارت اور حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں دونوں جمعیتوں کے اراکینِ عاملہ اور خصوصی مدعوئین نے شرکت کی۔اجلاس میں باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمن فتحپوری صاحب کو امیرِ شریعتِ مہاراشٹر منتخب کیا گیا، جبکہ حضرت مفتی محمد روشن شاہ قاسمی صاحب( صدر دینی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر ) اور مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کو نائب امیرِ شریعتِ مہاراشٹر کی ذمہ داری سونپی گئی۔
اجلاس کا آغاز قاری شمس الحق قاسمی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ ) کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ، مولانا محمد ساجد قاسمی صاحب نے نعت پاک پیش کی ، بعدہ امارت شرعیہ ہند دہلی سے تشریف لائے مہمان خصوصی حضرت مولانا مفتی محمد ذکاوت حسین قاسمی صاحب( شیخ الحدیث مدرسہ امینہ دہلی )نے امارتِ شرعیہ ہند کے قیام، اس کی شاندار تاریخی خدمات اور موجودہ امیرِ الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء ہند و صدر المدرسین دار العلوم دیوبند) و نائب امیرالہند ( حضرت مولانا مفتی سید سلمان منصورپوری ( استاذ حدیث دار العلوم دیو بند)کی ملی و دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امیرِ شریعت کے لیے مطلوبہ اوصاف و خصوصیات کو مختصر مگر جامع انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ امیرِ شریعت علم و تقویٰ، دیانت و بصیرت، اخلاص، استقامت اور امت کی صحیح رہنمائی کی صلاحیت رکھنے والاہو۔مفتی حفیظ اللہ قاسمی صاحب ( ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) نے نظامت کافریضہ انجام دیتے ہوئے اجلاس کی کارروائی کو باقاعدہ آگے بڑھایا۔اجلاس کے آغاز میں مولانا ابراہیم قاسمی صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) نے امارت شرعیہ ہند کے کام کی نوعیت اور طریقہ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔
صدر اجلاس مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے فرمایا کہ ہندوستان میں امارت شرعیہ ہند کا قیام فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی قدس سرہ کی کوششوںسے عمل میں آیا ۔اور پھر اس نظام کو متحرک کرنے اور ملک کے کونے کونے میں مباحث فقہیہ کے پروگرام منعقد کرنے میں قائد ملت حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء ہند ) کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں مسلمانوں کی شرعی رہنمائی، دینی و ملی مسائل کے حل اور مہاراشٹر میں امارتِ شرعیہ کے قیام کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے امیر شریعت مہاراشٹر کے لئے ریاست کے معروف و مشہور عالم دین اور باعمل مفتی حضرت مولانا مفتی عزیر الرحمن فتحپوری صاحب کا نام پیش کیا جس کی اجلاس میں شریک تمام اراکین نے ہاتھ اٹھاکر تائید و توثیق کی ۔ مفتی سید حذیفہ قاسمی صاحب ( ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) نے مفتی روشن شاہ قاسمی صاحب ( صدر دینی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر) کی علمی بصیرت، دینی خدمات اور تنظیمی تجربہ انہیں اس اہم ذمہ داری کے لیے نمایاں طور پر موزوں بتاتے ہوئے انہیں نائب امیرِ شریعت کے منصب کے لیے ان کا نام پیش کیا۔جس کی مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر )نےاجلاس میں شریک تمام اراکین سے ہا تھ اٹھاکر تائید لی۔ مفتی محمد یوسف قاسمی صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر )نے مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب کی دینی، ملی اور تنظیمی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی علمی صلاحیت، اور طویل عرصے سے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے نائب امیرِ شریعت کے منصب کے لیے ان کا نام پیش کیا، جسکی اجلاس میں موجود اراکین نے بھر پور تائید کی ۔
اس موقع پر نو منتخب نائبینِ امیرِ شریعت، مولانا محمد روشن شاہ قاسمی صاحب اور مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب نے اپنے خطاب میں باہمی مشاورت سے پوری ریاستِ مہاراشٹر میں امارتِ محکمہ شرعیہ کے قیام، انہیں فعال اور متحرک بنانے اور عوام تک اس کے دینی و ملی خدمات کو مؤثر انداز میں پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں نائبین نے تنظیمی استحکام اور شرعی رہنمائی کے نظام کو ریاست کے ہر علاقے تک مضبوطی سے پہنچانے پر بھی زور دیا۔اجلاس کے اختتام پر نو منتخب امیرِ شریعت مہاراشٹر، مفتی عزیز الرحمن فتحپوری صاحب نے امارتِ شرعیہ ہند کی خدمات، امارتِ شرعیہ پٹنہ کی شاندار روایات و خدمات اور مہاراشٹر میں امارتِ شرعیہ کے قیام کی اہمیت و ضرورت پر نہایت جامع اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ انہوں نے امارتِ شرعیہ کے دینی، ملی اور شرعی خدمات کے نظام کو مضبوط بنانے اور اسے ریاست کے مختلف علاقوں تک مؤثر انداز میں پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں مفتی عزیز الرحمن فتحپوری صاحب کی دعا ءکے ساتھ اجلاس کا باقاعدہ اختتام عمل میں آیا۔
اس اجلاس میں مذکورہ بالاعلماء کرام کے علاوہ اہم ذمہ داران میںقاری محمد صادق خان صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) قاری محمد ایوب قاسمی صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) الحاج زاہد ابراہیم شیخ صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) قاری محمد ایوب اعظمی صاحب ( خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) مفتی عبد الرحمن صاحب نائیگاوی ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ ) مفتی محمد شاہد قاسمی ( صدر جمعیۃ علماءضلع پونہ ) مفتی توفیق منصور مظاہری ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماءضلع رتنا گیری ) مفتی محمد اشرف قاسمی ( صدر جمعیۃ علماءضلع کولھاپور ) ۔ اسی طرح جمعیۃ علماء مہاراشٹر ارشد مدنی کے اہم ذمہ داران مولانا عارف عمری صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر )مفتی ہارون صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر )قاری محمد ادریس انصاری صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) قاری عبد الرشید اجمیری صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) مفتی اسماعیل قاسمی صاحب ایم ایل اے ( صدر جمعیۃ علماء مالیگائوں) مولانا اشتیاق صاحب ( خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر )قاری محمد یونس صاحب (معاون خازن ) مفتی مرزاکلیم بیگ ندوی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ) سمیت دونوں جمعیتوں کے ضلعی صدور و اراکین عاملہ و موعوئین خصوصی بڑی تعداد میں شریک تھے ۔