مانورہ ضلع واشم میں دینی تعلیمی بورڈ کے زیرِ اہتمام یک روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ

علماء کرام نے دینی تعلیم کے فروغ اور مکاتب کے نظام کو مستحکم بنانے پر زور دیا

مانورہ، ضلع واشم7؍ ستمبر 2026ء:دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے زیرِ اہتمام تحصیل مانورہ، ضلع واشم میں مکاتبِ دینیہ کے معلمین، ائمۂ کرام اور ذمہ داران کے لیے ایک روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ مسجد قباء، رحمانیہ کالونی، مانورہ ضلع واشم میں مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی سرپرستی مولانا مفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی( صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی زیرِ صدارت، مولانا محمد آصف صاحب( صدر جمعیۃ علماء ضلع واشم) کی قیادت اور مولانا مفتی محمد الیاس صاحب(جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع واشم )کی نگرانی میں منعقد ہوا۔جس کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام سے ہوا۔
اس ورکشاپ کا مقصد مکاتبِ دینیہ کے نظام کو مزید منظم و مؤثر بنانا، معلمین کی تدریسی صلاحیتوں کو نکھارنا اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے عملی لائحۂ عمل تیار کرنا ہے ورکشاپ کی تربیتی نشست سے حافظ قاری محمد نصیر الدین صاحب، ناظم مکتب محمدیہ مظفر نگر، آکولہ نے خصوصی تربیت فراہم کی۔ انہوں نے مکاتب کے نظامِ تعلیم، معلمین کی ذمہ داریوں، طلبہ کی دینی و اخلاقی تربیت اور تدریس کے مؤثر طریقۂ کار پر اہم اور مفید نکات پیش کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مکتب محض قرآنِ کریم ناظرہ پڑھانے کا مرکز نہیں بلکہ بچوں کے ایمان، عقیدہ، عبادات، اخلاق اور اسلامی کردار کی بنیادی تربیت کا اہم ذریعہ ہے؛ اس لیے مکاتب کے نظام کو مضبوط اور معلمین کو باصلاحیت بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدر اجلاس مفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں موجودہ حالات میں دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے منظم مکاتب، مثالی مساجد، درسِ قرآن و حدیث، خواتین کے مکاتب، مکاتبِ بالغان اور اسکول ٹیوشن جیسے شعبوں کو فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو دینی تعلیم، اسلامی عقائد، عبادات اور اخلاقِ حسنہ سے جوڑنے کے لیے مسجد، مکتب، مدرسہ اور گھر کے درمیان مؤثر تعلیمی ربط قائم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ائمہ، معلمین اور جمعیۃ علماء کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ دینی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی اپنی سطح پر منظم اور مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء تحصیل مانورہ کے ذمہ داران اور اراکین نے بھی ورکشاپ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مکاتب کے نظام کو مزید وسعت دینے اور موجودہ مکاتب کی تعلیمی و انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ورکشاپ کے دوران دینی تعلیمی بورڈ تحصیل مانورہ کی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جس میں مولانا محمد شاکر صاحب کو صدر اور حافظ منصب صاحب کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا۔ ذمہ داران نے دینی تعلیم کے فروغ، مکاتب کی تعداد میں اضافہ، تعلیمی معیار کی بہتری اور معلمین کی مسلسل تربیت کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔آخر میں مولانا مفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی نے امت، مکاتبِ دینیہ، معلمین اور نئی نسل کے دینی مستقبل کے لیے خصوصی دعا فرمائی، جس کے ساتھ یہ ایک روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوئی، اجلاس میں علاقے کے علماء کرائم ،ائمہ مساجد اور جمعیۃ علماء کے کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے ۔

 

✖